شاہد آفریدی کشمیر پریمیئر لیگ میں مظفرآباد ٹائیگرز کی کپتانی کریں گے

اسلام آباد : سابق بین الاقوامی کرکٹر شاہد آفریدی کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) مظفر آباد ٹائیگرز کی قیادت کریں گے۔آفریدی کو کے پی ایل کی فرنچائز مظفرآباد ٹائیگرز نے کپتان اور صدر مقرر کیا گیا ہے۔ بدھ کے روز فریقین کے مابین معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔ اس موقع پر 40 سالہ شاہد آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کے پی ایل کا صدر بننے پر فخر ہے ، میں نے دنیا بھر میں کسی بھی دوسری لیگ کے سفیر کی حیثیت سے اتنا فخر محسوس نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ لیگ کشمیر کے ان نوجوان کرکٹرز کو دنیا کے سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرے گی جو باصلاحیت ہیں۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ کشمیر میں صرف کرکٹ نہیں کھیلوں گا بلکہ ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لئے مظفرآباد میں کرکٹ اکیڈمی بھی بناوں گا جس کا مقصد نوجوان کرکٹر کو خاطر خواہ مواقع فراہم کرکے ان کی تشہیر کرنا ہوگا۔یہاں یہ واضح رہے کہ کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) یکم سے 10 اپریل تک میرپور اور مظفرآباد میں کھیلی جائے گی۔ ایونٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں راولاکوٹ ہاکس ، باغ سٹالینز ، مظفرآباد ٹائیگرز ، میرپور رائلز ، کوٹلیو پینتھرس اور اوورسیز واریئرز شامل ہیں۔